پشاور،27 فروری(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی موجودگی میں خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ اور پی سی ایس آئی آر کے مابین وزیر اعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ڈیجیٹل کمپلیکس پشاور کے قیام کیلئے جوائنٹ وینچرپر دستخط کی تقریب ہوئی ۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے اشتراک سے پشاور میں ڈیجیٹل کمپلیکس تعمیر کیا جا رہاہے، جس کیلئے وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو 16 کنال اراضی فراہم کر دی ہے۔یہ کمپلیکس ،وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کی طرف عملی اقدام ہے۔
محمود خان نے کہا کہ جوائنٹ وینچر کے تحت جدید سہولیات سے آراستہ 20 منزلہ ڈیجیٹل کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا جس میں آئی ٹی پارک ، بی پی اوز اور انکیوبیشن سنٹرز قائم کئے جائیں گے جبکہ آئی ٹی، سائنس و ٹیکنالوجی کمپنیوں سمیت سرکاری دفاتر بھی کمپلیکس میں قائم کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 20 منزلہ ڈیجیٹل کمپلیکس تمام تر جدید سہولیات سے آراستہ ہو گا اور یہ پشاور کی بلند ترین عمارت ہونے کیساتھ ساتھ خیبرپختونخوا کی ایک شناختی علامت ثابت ہو گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ڈیجیٹل کمپلیکس منصوبے کا مقصد صوبہ خیبر پختونخوا میں نالج بیسڈ اکانومی کو فروغ دینا ہے، وفاقی حکومت آئی ٹی کے فروغ اور ڈیجیٹل پاکستان کیلئے پر عزم ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ڈیجیٹل کمپلیکس میں نوجوانوں کو تکنیکی ہنر سکھانے کیلئے تمام سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا اور نوجوانوں کوروزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ ڈیجیٹل کمپلیکس کے قیام سے تعلیمی اداروں اور آئی ٹی انڈسٹریز کے درمیان روابط مضبوط ہوں گے، اس ضمن میں صوبہ خیبر پختونخوا میں آئی ٹی کے فروغ کیلئے وفاقی حکومت تمام تر تعاون فراہم کرے گی۔
سورس:وی این ایس، پشاور











