اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا: وزیر اعلی پنجاب

139

لاہور, 05مارچ (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اینکرپرسنز، کالم نگاروں اور سینئر صحافیوں نے  ملاقات کی۔ اینکرپرسنز، کالم نگاروں اور سینئر صحافیوں کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب نے بتایا کہ  پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پیشگی احتیاطی اقدامات کئے ہیں۔ کورونا وائرس 80 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔ دنیا بھر میں 95 ہزار لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ چین میں متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار ہے۔ 53 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہو کر گھروں میں جا چکے ہیں۔ اب تک 3200 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کیلئے جامع ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلی نے بتایا کہ عوام کو اس ضمن میں آگاہی دینے کیلئے میڈیا کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان میں کیس رپورٹ ہونے سے کئی روز قبل پنجاب حکومت نے اس حوالے سے احتیاطی اقدامات کا آغاز کیا۔ کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جوکہ روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ کرکے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ انھوں نے کہا کہ لاہور میں کورونا وائرس کی تشخیص کی سہولت موجود ہے۔ ایران سے آنے والے زائرین کی سکریننگ کی گئی ہے۔ ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا گیا ہے جو صورتحال کا جائزہ لے کر اقدامات کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو اگلے ہفتے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ پنجاب میں اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

وی این ایس لاہور

Download Video