سکھر،15مارچ(اے پی پی )میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ ایران سے سکھر آئے ہوئے مسافروں میں سے کوئی بھی شخص کورونا وائرس سے متاثر نہیں ، سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کیا جادہا ہے ، ہماری شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ان افواہوں پر کان نہ دھریں اور مشکل کی اس گھڑی میں انتظامیہ کا ساتھ دیں جبکہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں تاکہ اس موذی وائرس سے بچا جاسکے، ہاتھوں کو وقفے وقفے سے صابن، پانی یا سینی ٹائزر سے صاف کریں، نماز کی پابندی کی جائے، خود کو باوضو رکھیں، باوضو رہنا سنت بھی ہے اور اس وائرس سے محفوظ رہنے کا ذریعہ بھی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی جھوٹی خبروںاور غلط پروپیگنڈا ے کے تدارک اور شہریوں کو حقیقی صورتحال سے آگاہ کرنے کیلئے میئر ہاﺅس سکھر میں طلب کی گئی پریس کانفرنس کے دوران کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل، ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان ، میونسپل کمشنر محمد علی شیخ، ایم ایس سول ہسپتال اور ڈی ایچ او بھی موجود تھے۔
میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے پیشگی احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے ایران سے آئے مسافروں کو سکھر کی لیبر کالونی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تمام افراد کے ٹیسٹ کرائے جاچکے ہیں اب تک کسی ایک شخص میں بھی وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، احتیاطً دوبارہ ری اسکیننگ/ ٹیسٹ کیلئے تمام افراد کے نمونے لئے گئے ہیں جنہیں گزشتہ شب وزیر اعلی سندھ کی جانب سے بھیجے گئے خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی بھیجا گیا ہے جس کی رپورٹ جلد آجائیگی۔
اے پی پی /اطہراللہ/حامد