اسلام آباد، 15 مارچ(اے پی پی ): وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ کرونا وائرس ایک مہلک وبا کی صورت اختیار کر چکی ہے اور پوری عالم انسانیت اس وبا سے پریشان ہے اس حوالے سے حکومت پاکستان کچھ اقدامات کر رہی ہےاور آگاہی کا پیغام دے رہی ہے جس میں عوام کے تعاون کی ضرورت ہے۔
اتوار کو جاری اپنے ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا حکومت پاکستان کی طرف سے اس حوالے سے جن حفاظتی تدابیر کا حکم دیا گیا ہے اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا سب سے پہلے تو بطور مسلمان ہمیں ذکر، فکر ،عبادت، دعا اور توبہ کی صورت میں اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنا چاہئے اور پھر اپنے آپ کا اپنے دوست احباب کا گردوپیش کے لوگوں کا اور عالم انسانیت کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے ، سنت نبویﷺ بھی ہے کہ علاج اور حفاظتی اقدامات ہوں ،یہ میرے نبی ﷺکا حکم بھی ہے اور فطرت الہیہ بھی۔
انہوں نے عوام بلحصوص مذہبی اور دینی قیادت سے سے اپیل کی کہ بڑے بڑے مذہبی اجتماعات، جس میں تبلیغی اور روحانی اجتماعات ، محا فل میلاد ، نعت شبینہ اور دینی مدارس کی دستاربندیاں ہیں ، ان سب محافل و مجالس کو ایک وقت کے لئے موقوف کردیا جائے، جمعہ کے اجتماعات میں انتہائی اختصار سے کام لیا جائے اور بلحصوص چھوٹی عمر کے بچوں اور معمر افراد کو کہا جائے کہ وہ جمعہ اور بڑے بڑے اجتماعات سے گریز کریں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ جمعہ کے خطبہ اور نماز کو انتہائی مختصر رکھا جائے اور سنتیں گھر میں پڑھی جائیں جبکہ طہارت کا وضو بھی گھر میں ہو جائے تو بہتر رہے گا،اس سے اللہ تبارک و تعالیٰ کے حکم اور حضورﷺ کی سنت کی بھی تکمیل ہو گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی ہمارے وطن عزیز کے باسیوں کی اور پوری عالم انسانیت کی حفاظت فرمائے اور اس وباء سے نجات دلائے ۔
اے پی پی/عمار برلاس /حامد