وزیراعظم عمران خان کا وزارت صنعت کے زیر انتظام اداروںکی استعداد کار بڑھانے سے متعلق اجلاس سے خطاب

155

اسلام آباد , 16 مارچ (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومتی خزانے پر بوجھ بننے والے سرکاری اداروں کی نجکاری قومی مفاد میں ہے، اس عمل میں کاروباری طبقے اور ماہرین سے بھی مشاورت کی جائے، وزارت صنعت کابینہ سے منظور شدہ اداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز کرے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں وزارت صنعت کے زیر انتظام اداروںکی استعداد کار بڑھانے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد، سیکرٹری صنعت ڈویژن اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صنعت ڈویژن کے زیر انتظام 38 ادارے ہیں جن میں سے تیرہ کی نجکاری، دس کاانضمام، پانچ کی متعلقہ ڈویژنز اور صوبوں کو منتقلی کے بعد وزارت کے پاس صرف نو ادارے رہ جائیں گے۔ وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی خزانے پر بوجھ بننے والے سرکاری اداروں کی نجکاری قومی مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی نجکاری، انضمام یا متعلقہ محکموں کو منتقلی کے عمل کا مقصد معاشی خسارے میں کمی لانا اور اداروں کی استعدادِ کار اور کارکردگی میں بہتری کو یقینی بنانا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس عمل میں کاروباری طبقے اورچینج منیجمنٹ کے ماہرین سے بھی مشاورت کی جائے۔ وزیر اعظم نے صنعت ڈویژن کو ہدایت کی کہ کابینہ سے منظور شدہ اداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ مقرر شدہ معیاد میں یہ عمل مکمل کرنے کو یقینی بنایا جا سکے۔

وی این ایس  اسلام آباد

Download Video