پشاور،23مارچ(اے پی پی): وزیر اعلی محمود خان نے آج پشاور کے نواحی علاقے دوران پور میں زائرین کے لئے قائم قرنطینہ مرکز کا دورہ کیا اور مرکز میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔
وزیر اعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مرکز میں 150 سے زائد افراد کو قرنطینہ کرنے کی گنجائش موجود ہے مگر ضرورت پڑنے پر اس مرکز میں مزید گنجائش پیدا کی جاسکتی ہے۔
وزیراعلی کو بتایا گیا کہ مرکز میں ہر فرد کے لیے الگ کمرہ اور دیگر تمام سہولیات فراہم ہیں جہاں ڈیوٹی پر مامور تمام عملے نے رضاکارانہ طور پر خود کو بھی مرکز کے اندر محدود کر دیا ہے جس پر وزیر اعلی نے مرکز میں کئے گئے انتطامات پر اطمینان کا اظہار اور انتظامیہ کے کام کی تعریف کی۔
اسکے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ نے ڈی سی پشاور کے آفس میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر COVID-19 کا بھی دورہ کیا جہاں ڈی سی پشاور نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات پر بریفینگ دی۔
ڈی سی نے وزیراعلی کو آگاہ کیا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر جدید آن لائن ٹیکنالوجی اور جی آئی ایس میپنگ کی سہولیات سے آراستہ ہے، جس میں ضلعی انتظامیہ ، محکمہ صحت ، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکار 24 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر تمام صوبائی محکموں اور دیگر اداروں کے ساتھ قریبی روابط میں ہے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری ریسپانس کا انتظام موجود ہے۔
وزیراعلیٰ نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کے کام کوسراہا اور ہدایت کی کہ تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں اسی قسم کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرز قائم کئے جائیں تاکہ ہم سب مل کر انشاءاﷲ کورونا کو شکست دیں سکیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ کرونا کے خلاف اس جنگ میں انتظامیہ ، پولیس ، آرمی، ہیلتھ ورکرز سمیت سب کا کردار قابل ستائش ہے لیکن اسکے ساتھ ساتھ عوام بھی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور خود کو گھروں تک محدود کریں تاکہ اس وباءکے پھیلاﺅ کو روکا جا سکے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا، مشیر اطلاعات اجمل وزیر ، چیف سیکرٹری ، آئی جی پی اور دیگر متعلقہ حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
وی این ایس، پشاور
۔











