حیدر آباد،23 مارچ ( اےپی پی): کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن،شاہراہیں سنسان، حیدرآباد کی اہم مصروف شاہراہوں پر قناتیں اور شامیانے لگاکر بند کردیا صرف میڈیکل اسٹورز، پرچون اور سبزی وگوشت کی دکانیں کھلی رہیں،ضروری و ناگزیر کاموں کے لیے کسی بھی گھر سے ایک آدمی یا عورت کو نکلنے کی اجازت ہے تاکہ روزمرہ کی بنیادی اشیاء، ادویات وغیرہ کی خرید اری کی جاسکے اور مریضوں کو علاج کے لیے اسپتال و شفاخانوں تک رسائی ہو سکے جبکہ لازمی سروس کے لیے جانے والوں کو بھی کارڈ دیکھ کر جانے کی اجازت ہے حیدرآباد سمیت صوبہ کے اہم شہروں میں پولیس و رینجرز نے سختی کی ہے حیدرآباد کی اہم شاہراہوں حیدر چوک، رسالہ روڈ، اسٹیشن روڈ، تلک چاڑھی، سرفراز کالونی، مارکیٹ ٹاور، ڈومنوا روڈ اور دیگر مصروف گزر گاہوں پر قناتیں لگاکر انہیں بند کردیا گیا ہے کچیھ مقامات پر شامیانہ لگاکر وہاں پولیس کو بیٹھا دیا گیا ہے لطیف آباد اور قاسم آباد کے اہم علاقوں میں خار دار تار ڈال کر انہیں بند کیا گیا ہے حیدرآباد ضلع میں پولیس او ررینجرز نے گشت بھی جاری رکھا ہوا ہے اور جو لوگ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں انہیں پولیس نے بروقت سزا دیکر چھوڑ دیا لیکن شہر کے گنجان علاقوں اور گلیوں میں نوجوان اور بچے کرکٹ کھیلتے نظر آئے جو پولیس کی آمد پر غائب ہو جاتے تھے لیکن درجنوں نوجوانوں کو پولیس نے پکڑ کر انہیں مرغا بننے اور اوٹھک بیٹھک کرنے کی سزا بھی دی تاہم کسی کو باضابطہ گرفتار نہیں کیا گیا جس کا سبب پولیس نے یہ بتایا ہے کہ جیل حکام نے کسی بھی قیدی کو کرونا ٹیسٹ کے بغیر لینے سے انکار کردیا ہے اس لیے وہ کسی کو گرفتار کربھی لیں تو جیل انتظامیہ انہیں نہیں لے گی جبکہ تھانوں کے لاکپ میں کئی کئی افراد کو رکھا نہیں جاسکتا اس مسئلہ کا حل پولیس نے فوری سزا نکالا ہے قانون شکنی پر موقع پر سرزنش کرکے ملزم کو چھوڑ دیا جاتا ہے ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون کی پابندی کریں معززین بھی اسمیں اپنا کردار ادا کریں یہ ان کی اپنی بھلائی میں ہے حیدرآباد میں دکانداروں کو بھی ہدایت کی گی ہے کہ وہ حفظانِ صحت سے غافل نہ ہو ں اور کاؤنٹرز اور دکانوں پر کھڑے ہو تے ہو ئے ماسک لگائیں اور کسی بھی شاپنگ مال میں ہجوم نہیں لگایا جائے حیدرآباد شہر کے علاوہ ہائی ویز پر بھی ٹریفک نہ ہو نے کے برابر رہا آنے جانے والی کاروں کو پولیس اور رینجرز نے چیک بھی کیا اور کسی کار میں اگر ایک سے زائد افراد سوار تھے تو اسے واپس لوٹا دیا گیا یا ان کی سخت سرزنش کی گئی حیدرآباد کے مضافاتی اضلاع ٹنڈوالہیار، ٹنڈ و محمد خان، مٹیاری اور جام شورو میں بھی لاک ڈاؤن رہا اور سڑکوں پر پولیس گشت کرتی رہی ۔
اے پی پی/جاوید /فاروق