اسلام آباد،25مارچ(اے پی پی ): سی ڈی اے انتظامیہ، ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کو اسلام آباد کی بڑی مارکیٹوں، مراکز ،بڑی شاہراوں اور مصروف ترین علاقوں کو کیمیکل سے دھونے اور صاف ستھرا کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔تمام شعبے باہم مل کر صفائی کی اس خصوصی مہم میں حصہ لیں گے ۔ یہ اقدام اسلام آباد میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ اسلام آباد میں ماحول کو صاف ستھرا رکھ کر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سد باب ممکن ہوسکے۔اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ نے اٹک کی ایک کیمیکل فیکٹری سے کیمیکل حاصل کر لیا ہے اور وزارت صحت کی مشاورت کے بعد کل سے صفائی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت کی روشنی میں سی ڈی اے کیپیٹل ہاسپیٹل میں موجود چارونٹیلیٹرز کو کل سے فنکشنل کردیا جائے گا تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو فوری طبی امداد بہم پہنچائی جاسکے جبکہ ھسپتال میں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت سے نبرد آزما ہونے کیلئے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے اور کیپیٹل ھسپتال میں کیمپ آفس قائم کردیا گیا ہے ۔
ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے انتظامیہ نے اسلام آباد کے شہریوں سے درخواست کی ہے کی وہ کرونا وائرس سے تحفظ اور مزید پھیلاو کو روکنے کے لیے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں اور بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلے اور حکومت کی طرف سے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے دی جانے والی ہدایات پر عمل کریں اور اپنے آپ کو گھروں تک محدود رکھیں۔
اے پی پی /سحر/حامد