وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس

114

کوئٹہ، 25 مارچ (اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اس کی روک تھام کے لئے جاری اور مجوزہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کوروکنے کے لئے دیرپا بنیادوں پر مشتمل اسٹریٹیجی پر بھی غور کرتے ہوئے اہم فیصلے کئے گئے۔

چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر نے اجلاس کو کورونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات، تفتان میں زائرین کے لئے فراہم کی گئی سہولیات اور بہتری کے جاری اقدامات، کوئٹہ، چمن اورتفتان میں قرنطینہ اور آئسولیشن کی موجودہ سہولیات اور ان میں اضافے کے لئے جاری اقدامات اور دیگر متعلقہ امور پر بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ اب تک 19115 زائرین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد ایران سے بلوچستان میں داخل ہوئے جن میں سے مارچ میں تفتان پہنچنے والے 5163 زائرین میں سے 4139 زائرین کو ان کے صوبوں میں بھجوایا گیا جبکہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 457زائرین کو کوئٹہ بھجوایا گیا جن میں سے 113افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے۔

اجلاس میں صوبہ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کے ٹیسٹ کرانے کے ساتھ ساتھ قانون کے مطابق پے رول اور جرمانے کی ادائیگی پر ان کی رہائی کا بھی جائزہ لیتے ہوئے محکمہ داخلہ کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں، وائرس سے پوری دنیا متاثر ہوئی ہے اور اس سے نمٹنا ایک بڑا چیلنج اور اہم مسئلہ ہے جس کے لئے عوام کا تعاون بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف نے کہا کہ ہر مشکل وقت اور قومی امور پر سول اور عسکری ادارے ساتھ رہے ہیں اور اب بھی ساتھ ہیں،مشترکہ اقدامات کے ذریعہ کورونا وائرس کی روک تھام میں کامیابی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے این ڈی ایم اے کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ چین سے آنے والے وینٹیلیٹرز، ٹیسٹنگ کٹس، ماسک اور دیگر آلات بلوچستان اور گلگت بلتستان کو ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ پاک فوج کورونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات میں صوبائی حکومت کو ہرممکن معاونت فراہم کرے گی۔

اے پی پی /کوئٹہ/حامد