ملتان :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا احساس کفالت سنٹرز کا اچانک دورہ، کیش کاونٹرز سے امدادی رقم کی ترسیل کے طریقہ کار کا جائزہ

181

ملتان،19اپریل(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کے ہمراہ  احساس کفالت سنٹرز کا اچانک دورہ کیا ،وزیر خارجہ نے منظورآباد اور قاسم پور کالونی میں قائم متعدد سنٹرز کا بھی دورہ  کیا ۔

کیش کاونٹرز سے امدادی رقم کی ترسیل کے طریقہ کار کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون کے متاثرین کے لئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پیکج ہے،اس امدادی پروگرام کے تحت 1 کروڑ 25 لاکھ خاندانوں میں 144 ارب روپے تقسیم کئے جارہے ہیں، ضلع ملتان میں متاثرین میں اب تک 1ارب 36 کروڑ روپے تقسیم کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ  متاثرین کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر امداد دی جارہی ہے۔انہوں نے آگاہ کیا کہ  ڈیجیٹل سسٹم کے تحت امداد کا شفاف نظام اپنایا گیا ہے ۔

شاہ محمود قریشی  نے بتایا کہ ملتان میں قائم قرنطینہ بھی پاکستان کا سب سے بڑا مرکز ہے  جہاں پاکستان کے چاروں صوبوں کے افراد کی میزبانی کی گئی۔وزیر خارجہ نے سنٹرز پر آئے مرد اور خواتین متاثرین سے سرائیکی میں مکالمہ  بھی کیا۔

اس   موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک  نے وزیر خارجہ کو بریفنگ میں بتایا کہ  ضلع ملتان میں امدادی رقم کی ترسیل کا آج دسواں دن ہے، امدادی رقم کے لئے مجموعی طور پر 25 سنٹرز فعال ہیں جہاں

پہلے مرحلے میں1لاکھ358 متاثرہ خاندانوں کو امداد دی گئی، دوسرے مرے حلے میں 37 ہزار961 متاثرین کوامداد دی جارہی ہے جبکہ انصاف امداد پروگرام کے تحت تیسر ے مرحلے کے متاثرین کی فہرستیں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ تیارکررہا ہے۔

ڈی سی عامر خٹک  نے مزید بتایا کہ متاثرین کو گھروں پر اطلاع دیکر امداد حاصل کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا  ہے، سنٹرز بند ہونے کے بعد بھی متاثرین بینک سے بائیو میٹرک سسٹم کے تحت امداد حاصل کر سکیں گے۔

اے پی پی /تصور حسین /قرۃالعین