اسلام آباد، 20 اپریل (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان سے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کے وفد نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ وفد میں چوہدری عاصم نذیر، نواب شیر وسیر، رضا نصراللہ اور خرم شہزاد شامل تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو کورونا وائرس کے تناظر میں اپنے اپنے حلقوں کی صورتحال خصوصاً احساس پروگرام کے تحت کمزور طبقات کو حکومت کی جانب سے مالی معاونت کی فراہمی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وفد نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اقدام سے اس مشکل وقت میں کمزور طبقات کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اطمینان کا اظہار کیا کہ احساس پروگرام کسی سیاسی وابستگی کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر مکمل طور پر شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ کی بنیاد پر عوام کو ریلیف فراہم کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے ممبران قومی اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے حلقوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے خصوصاً ماہ رمضان میں ریلیف فراہم کرنے میں متحرک کردار ادا کریں۔
سورس: وی این ایس ، اسلا م آباد











