اسلام آباد،21 اپریل (اے پی پی) :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ کشمیریوںکو تنہانہیں چھوڑیں گے، ان کا مقدمہ ہر فورم پر اٹھائیں گے، کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد ضروری ہے، متحد ہو کر اس وباءپر قابو پا لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں ے منگل کو دورہ مظفر آباد کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاﺅ کی روک تھام کے لئے بہترین اقدامات کئے جس کے باعث یہاں اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد بہت کم ہے اور کسی بھی شخص کا انتقال نہیں ہوا۔ صدر مملکت نے کہا کہ مختلف ممالک میں لاک ڈاﺅن کے حوالے سے رد عمل مختلف ہے۔ اسی طرح ہمارے ملک کے صوبوں نے بھی صورتحال کے تناظر میں لاک ڈاﺅن سے متعلق فیصلے کئے۔ انہوں نے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے محفوظ رہنے کے لئے ہاتھ دھوئیں، چہرے کو ہاتھوں سے نہ چھوئیں اور ماسک پہنیں کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے احتیاطی تدایبر پرعملدرآمد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک مسلمانوں کے لئے توبہ، استغفار اور بخشش کا مہینہ ہے، ہمیں کورونا وائرس کی وبا کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں زیادہ سے زیادہ توبہ استغفار کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں مساجد میں عبادات کے لئے علماءکرام سے 20 نکات پر اتفاق کیا گیا ہے۔اس موقع پر صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی موجود تھے۔
اے پی پی /ڈیسک /ریحانہ











