فائر فائٹرز کا عالمی دن،ملتان میں ریسکیو 1122 کیجانب سے فلگہ مارچ اور ریلی کا انعقاد

169

ملتان،04مئی(اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122ڈاکٹر رضوان نصیر(ستارہ امتیاز) کی ہدایت پر ملتان میں فائر فائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر فلیگ مارچ اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

 سنٹرل اسٹیشن ریسکیو1122 ملتان  پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بھی فائر فائٹر ڈے پورے جوش جذبے سے منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122ملتان نے فائر فائٹر ڈے کے حوالے سے چوک کمہاراں والہ سے کلمہ چوک تک فلیگ مارچ کیا۔ جس دوران فائر فائٹرز کی خدمات پر روشنی ڈالی گئی، جو اپنی زندگی خطرے میں ڈال کر لوگوں کی جان اور مال کی حفاظت کرتے ہیں۔

مارچ کے دوران گکھڑ پلازہ میں شہید ہونے والے فائر فائٹر کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔

اس موقع پر انچارج آپریشن اینڈایڈمن ڈاکٹر کلیم اللہ نے کہا کہ فائر فائٹر ڈے منانے کا مقصد فائر فائٹرزکی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے،فائر فائٹرز اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال کر لوگوں کے جان ومال کا تحفظ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فائر فائٹر ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، انکی بدولت لوگو ں میں احساس تحفظ پیدا ہواہے۔

ڈاکٹر کلیم اللہ نے کہا کہ کرونا احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ہم نے آج فائر فائٹر ڈے کو صرف فلیگ مارچ تک ہی محدود رکھا ہے، انہوں نے مزیدکہا کہ گذشتہ سال ریسکیو1122ملتان نے 843آگ لگنے کے واقعات میں آگ بجھائی جبکہ تحصیل شجاع آباد میں 46 مقامات پر آگ لگی جس پر 1122نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا،اِن آگ لگنے کے حادثات میں 53لوگ ایسے تھے جو آگ لگنے میں جھلس گئے، آگ لگنے کی بڑی وجہ لاپرواہی رہی۔889آگ لگنے کے واقعات میں 207کی وجہ لاپرواہی تھی اِس لیے آگ لگنے کے واقعا ت میں کمی لانے کیلئے لازمی ہے ہر فرد احساس ذمہ داری کے ساتھ جاری کردہ حفاظتی اقداما ت اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرے تاکہ آگ لگنے کے واقعات میں کمی لائی جاسکے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو1122ملتان ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی نے کہا کہ فائر فائٹر اپنی جانوں کی بازی لگا کر لوگوں کی مال وجان کی حفاظت کرتے ہیں اُن کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم آتشزدگی کے واقعات نہ ہونے دیں اور  حفاظتی اقداما ت اور احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوں۔

 انہوں نے کہا کہ عوام محفوظ اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں ریسکیو 1122کا ساتھ دیں اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ بیسک لائف سپورٹ او ر آگ بجھانے کی تربیت حاصل کریں تاکہ محفوظ معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکے۔

اے پی پی /ملتان/حامد