پشاور، 7مئی(اے پی پی): افغانستان میں پھنسے وہ پاکستانی شہری جو افغانستان سے طورخم، تفتان یا چمن بارڈر کے ذریعے واپس لوٹتے ہیں انہیں کورونا وباء کے ممکنہ پھیلاؤ کے سدباب کے پیش نظر عارضی طور پر سرحدوں پر قائم کیے گئے قرنطینہ مراکز میں رکھا جارہا ہے، اس مقصد کیلئے ضلع خیبر طورخم میں این ڈی ایم اے نے تین سو کمروں کا قرنطینہ سنٹر مکمل کرکے لوکل انتظامیہ کے حوالہ کر دیا ہے۔
قرنطینہ مراکز کے بارے ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا کہ مجموعی طور پر سات قرنطینہ مراکز بنائے گئے ہیں جن میں پندرہ سو تک افراد کو رکھنے کی گنجائش ہے فی الوقت ان مراکز میں رکھے گئے افراد کی تعداد 700 سے زائد ہے ۔
ان مراکز کا افتتاح گزشتہ ماہ صوبائی مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے اپنے دورہ ضلع خیبر کے موقع پر کیا جہاں ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر محمود سلام نے قرنطینہ سنٹرز میں موجود سہولیات اور دیگر ضروریات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔
اے پی پی / صاءمہ/ ریحانہ