ملتان میں لاک ڈاون کے متاثرین کو مالی امداد فراہم کرنے کے لئے انصاف امداد پروگرام کا آغاز کر دیا گیا

137

ملتان ،11 مئی (اے پی پی ): ملتان میں لاک ڈاون کے متاثرین کو مالی امداد فراہم  کرنے کے لئے انصاف امداد پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے،مالی امداد احساس کفالت سنٹرز کے ذریعے دی جا رہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے احساس کفالت سنٹر علی گڑھ کالج  کا دورہ کیا اس موقع پر پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رانااخلاق احمدخان بھی ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کیش کاونٹرکا معائنہ کیا اورکورونا وائرس سے بچاو کی ایس او پیز  پر عملدرآمد کا جائزہ لیا،مالی امداد کے لئے آئے ہوئے مرد اور خواتین  سے گفتگو بھی کی۔ڈپٹی کمشنر عامرخٹک نے کہا کہ پنجاب انصاف امداد پروگرام کے پہلے فیز میں ضلع میں 33 ہزار567 متاثرین کو امداد دی جارہی ہے،ہر متاثرہ فیملی کو 12 ہزار روپے دئےجارہے ہیں،متاثرین کے مسائل  حل  کرنے کے لئے سنٹرز پر باقاعدہ کاونٹر قائم کئے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انصاف امداد پروگرام کا دوسرا فیز بھی جلد شروع کیا جائے گا،مجموعی طور پر ضلع میں 40 کروڑ 28 لاکھ روپے تقسیم کئے جارہے ہیں،ضلع میں 10 احساس کفالت سنٹرز سے امداد فراہم کی جارہی ہے۔ عامر خٹک نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت امداد حاصل  کرنیوالے اس فیز  میں شامل نہیں ہیں،احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ابتک ضلع میں 2 ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں، بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے سنٹرز پرکئے گئے  انتظامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔