میجر محمد اصغر نے قوم کو کورونا وباء سے بچانے کے عمل میں جان کی قربانی دی: اجمل وزیر

154

پشاور، 11مئی(اے پی پی): اجمل وزیر  نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں ملک و قوم کا تحفظ کیا ہے،  میجر محمد اصغر نے قوم کو کورونا وباء سے بچانے کے عمل میں جان کی قربانی دی، صوبائی حکومت لمحہ بہ لمحہ کورونا وائرس کی صورت حال مانیٹر کر رہی ہے، حکومتی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے کاروبار کو سیل کر دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے پشاور میں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید میجر محمد اصغر طورخم بارڈر پر خدمات سر انجام دے رہے تھے جہاں وہ کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔ اجمل وزیر کا افواج پاکستان کی ملک و قوم کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا  کہنا تھا کہ بارڈرز  پر دشمن کا مقابلہ کرنا ہو یا کسی بھی آفت سے نمٹنا ہو پاک فوج کے جوان اپنی جان پر کھیل کر شہریوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

اجمل وزیر کا صوبے میں کورونا نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں اس وقت 359 قرنطینہ مراکز قائم ہیں جن میں 22483 افراد کو قرنطینہ کرنے کی گنجائش ہے،بیرون ممالک سے آنے والے ان پاکستانی شہریوں میں سے 1140 افراد کو اسکریننگ اور کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد گھروں کو بھیجا گیا ہے جبکہ 792 افراد اب بھی قرنطینہ مراکز میں قیام پذیر ہیں۔ انہوں نے صوبے کے عوام خصوصاً پشاور کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔

اے پی پی /صاءمہ/ریحانہ