کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے اہم کاروائی کرتے ہوئے بڈھ بیر ٹارگٹ کلنگ کے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ 

183

پشاور، 12مئی(اے پی پی): ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی نے ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں بڈھ بیر ٹارگٹ کلنگ اور دیگر اہم امور کے حوالے سے ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا اور اس میں تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں پولیس اہلکار کے اندھے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے متعلق  تفصیلات میڈیا کے سامنے پیش کیں۔

ظہور آفریدی نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے ملزمان کا سراغ لگا لیا ہے جنھوں نے پولیس اہلکار اے ایس آئی نیاز بہادر کو پانچ مئی کو مسجد جاتے ہوئے قتل کیا تھا جبکہ قتل کو دوسرا رنگ دینے کی خاطر رات کی تاریکی میں واردات کی۔

ایس ایس پی آپریشن نے کہا کہ کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن کا تعلق مقتول کے گاؤں سے ہے۔ تینوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران ذاتی عناد و رنجش پر پولیس اہلکار نیاز بہادر کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

ایس ایس پی آپریشن ظہور آفریدی نے بتایا کہ ملزمان کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت سے تینوں ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

صائمہ حیات،فاروق