پشاور، 12مئی(اے پی پی): ضلعی انتظامیہ پشاور نے صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں کرونا وائرس سے متعلق حکومتی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر156 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان اور اسسٹنٹ کمشنر سید نعمان علی شاہ کے ہمراہ لیاقت بازار، شفیع مارکیٹ، بلور پلازہ، خیبر بازار، قصہ خوانی، اشرف روڈ، رنگ روڈ اور دلزاک روڈ پر مختلف دکانوں کا معائنہ کیا اور معائنہ کے دوران بھیڑ لگانے، سماجی فاصلہ نہ رکھنے اور حکومتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر بیشتر افراد کو گرفتار کر تے ہوئے دکانوں کو سیل کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر پشاور نے بازاروں میں عوام اور دکانداروں میں سیفٹی ماسک بھی تقسیم کیے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) سارہ رحمان اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گلشن آرا نے صدر کے مختلف بازاروں کا معائنہ کر تے ہوئے بیشتر دکانداروں کو حکومتی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گرفتار کر تے ہوئے دوکانوں کو سیل کر دیا۔
اسسٹنٹ کمشنر (شاہ عالم) ڈاکٹر احتشام الحق نے ورسک ورڈ،اسسٹنٹ کمشنر (متنی)رضوانہ ڈار نے کوہاٹ روڈ اور اسسٹنٹ کمشنر اصلاح الدین نے پھندو چوک سے بیشتر افراد کو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا۔ جبکہ ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے بھی اپنے علاقوں میں مختلف بازاروں کا معائنہ کیا۔کاروائیوں کے دوران گرانفروشی، حکومتی ضابطہ اخلاق پر عمل نہ کرنے، پابندی کے باوجود دکانیں چار بجے کے بعد کھلی رکھنے اور سماجی فاصلہ نہ رکھنے و رش لگانے پر 156 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے تاجروں و دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ حکومتی ضابطہ اخلاق پر عمل کریں اور اس کے مطابق اپنی دکانوں کو مقرر اوقات اور دنوں میں ہی کھولیں۔انھوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تعاون کر تے ہوئے اپنا کردار ادا کریں بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اے پی پی/صائمہ حیات/حامد











