ملتان: ٹائیگر فورس کے 33 ہزار سے زائد رضاکاروں کی رجسٹریشن مکمل

112

ملتان،14 مئی (اے پی پی ): ضلع ملتان میں وزیراعظم عمران خان کی  آواز پر اب تک ٹائیگر فورس کے 33 ہزار سے زائد رضاکاروں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے،ٹائیگر فورس کی افتتاحی تقریب رضا ہال ملتان  میں منعقد ہوئی جس میں رضاکاروں ،صوبائی وزیرتوانائی پنجاب ڈاکٹراختر، ڈپٹی کمشنر عامر خٹک، وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ندیم قریشی، ممبران صوبائی اسمبلی وسیم خان بادوزئی، سلیم لابر اورقاسم خان لنگاہ سمیت مخدوم شعیب اکمل ہاشمی اور اے ڈی سی ہدایت اللہ خان نے شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیرتوانائی پنجاب ڈاکٹراختر  نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کے رضا کار حکومت کا ہراول دستہ ثابت ہونگے۔انہوں نے کہا کہ

 برطانیہ اورانڈیا، وزیراعظم عمران خان کے کورونا وائرس سے نمٹنے کے فیصلوں کی تقلید کررہے ہیں۔

صوبائی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب میں اب  کمیشن بنانے کے بجائے عوامی فلاح کو مدنظر رکھ کر منصوبے تیار کئے جاتے ہیں جبکہ صوبے میں 9 بڑے ہسپتالوں کی تعمیر پر کام جاری ہے۔

تقریب میں  موجود  ضلعی کنونئیر  ٹائیگرفورس و ڈی سی عامر خٹک کا کہنا تھا کہ ٹائیگرفورس کے رضاکاروں کومختلف کمیٹیوں میں شامل کیا جائے گا، رضاکاروں سے قرنطینہ، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور سوشل سیکٹر میں خدمات حاصل کی جائیں گی۔اس کے علاوہ رضا کاروں سے مستحقین میں راشن کی تقسیم کا کام بھی لیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ رضا کاروں کو ضلع انتظامیہ ریگولیٹ کرے گی اور ٹاسک سونپے گی جبکہ ملتان کی ٹائیگر فورس کو ملک بھر میں رول ماڈل بنایا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ندیم قریشی کا کہنا تھا کہ بغیر معاوضے کے کام کے لئےخدمات پیش کرنا ایک زندہ و جاوید معاشرے کی علامت ہے، ٹائیگرفورس نے کورونا کے خلاف حکومت کے ساتھ مل کرکردار ادا کرنا ہے۔ لاک ڈاؤن اور سمارٹ لاک  ڈاون کے موقع پر ٹائیگر فورس کے رضاکاروں نے اہم ذمہ دار کردار ادا کرنا ہے۔

ممبر صوبائی اسمبلی وسیم خان بادوزئی نے کہا کہ کورونا وائرس کے موقع  رضارکاروں کے کردار کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے جبکہ ممبر صوبائی اسمبلی قاسم خان لنگاہ   کا کہنا تھا کہ بلامعاوضہ کام کرنا ٹائیگرفورس کے لئے فخر کی بات ہے۔

اے پی پی /ملتان/قرۃالعین