چترال ، 28 مئی (اے پی پی ):دیربالا میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا علاقے نہاگدرہ کے عمائدین نے علاقے کی اہم شاہراہ کے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے پر اس شاہراہ کی دوبارہ تعمیر و مرمت کا مطالبہ کیا ہے ۔
دیربالا واڑی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نہاگدرہ کے عمائدین ملک مناف پائیندہ خیل ،ملک شیر محمد، ملک سلیمان، سید امجد شاہ اور دیگر نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے پچاس ہزار آبادی پر مشتمل علاقے کی اہم شاہراہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس سے سڑک پر سفر کرنے والے بڑی ازیت سے دوچار ہوجاتے ہیں ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سال 2014 میں اس سڑک کی تعمیر کیلئے خطیر رقم منظور ہوئی تھی مگر تاحال عملی طور پر کام کا آغاز نہیں ہوا ہے اور متعلقہ اداروں اور ممبران اسمبلی کی جانب سے فنڈز کی عدم دستیابی کا کہا جاتا ہے جس بنا پر سڑک کی مرمت کا کام بدستور بند ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مطالقہ ادارے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنا کر اس اہم سڑک کی تعمیر ومرمت کا کام جلد شروع کریں تاکہ علاقے کے عوام کو اس اذیت سے نجات مل سکے ۔











