پشاور، 29مئی(اے پی پی): صوبائی مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے جمعہ کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر پشاور ائیرپورٹ کا دورہ کیا اور کورونا کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر عبیدالرحمان عباسی نے مشیر اطلاعات کا استقبال کیا اور کورونا انتظامات کے حوالے سے مشیر اطلاعات کو بریفنگ دی جبکہ اجمل وزیر نے ائیر پورٹ پر کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار سمیت انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان تمام صوبوں کی مشاورت سے کورونا کے خلاف آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں خیبر پختونخوا کی پوری مشینری چوبیس گھنٹے فعال ہے۔











