، 30مئی(اےپی پی): خیبر پختونخوا ایمرجنسی ریسکیو سروس (ریسکیو1122) کے 800 کے قریب اہلکاروں نے ایلیٹ پولیس ٹرینگ سینٹر نوشہرہ میں تربیت مکمل کرلی، اس حوالے سے نوشہرہ میں ریسکیو 1122 کی حلف برداری تقریب کا انعقاد ہوا جس
کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے ریلیف اقبال وزیر تھے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اقبال وزیر نے کہا کہ ریسکیو1122 کے اہلکاروں کی جسمانی اور تدریسی تربیت کو دیکھ کر اندازہ ہوجاتا ہے کہ یہ کتنی پیشہ وارانہ فورس ہے۔ ریسکیو1122 نے موجودہ حالات میں پیشہ وارانہ اور قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
صوبائی حکومت نے ریسکیو1122 کو اسی کارکردگی کی بنیاد پر صوبے بھر تک پھیلانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ عوام الناس کو بروقت اور بہترین انداز میں سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت کے تعاون سے ریسکیو1122 ضم شدہ اضلاع کے 7 اضلاع میں 14 ریسکیو سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جبکہ 6 سٹیشنز سابقہ ایف آرز میں بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں ریسکیو 1122 جلد ہی اپنی خدمات شروع کردے گی جس کے لیے بھرتی کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے۔ جلد ہی ان اہلکاروں کو تربیت کے لیے بھیج دیاجائے گا، جس کے بعد ان کو ضم شدہ اضلاع میں تعینات کردیا جائیگا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 ڈاکٹر خطیراحمد کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ایلیٹ پولیس سنٹر کو ریسکیو اہلکاروں کو تربیت فراہم کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں، پولیس نے نے پیشہ وارانہ انداز میں ریسکیو1122 کے اہلکاروں کو فزیکل اور فٹنس تربیت فراہم کی۔ پولیس اور ریسکیو1122 شانہ بہ شانہ عوام الناس کو خدمات فراہم کررہی ہے۔
ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ ریسکیو اہلکاروں کو بین الاقوامی معیار کی میڈیکل اور دیگر ضروری تدریسی و عملی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ ریسکیو1122 کورونا وائرس سمیت کسی بھی ایمرجنسی میں خدمات فراہم کریں گے، حلف برداری تقریب میں پاس ہونے والے اہلکاروں سے ریسکیو 1122 کی انفرادی قوت میں اضافہ ہوا ہے جس سے گھر گھر خدمات یقینی بنائی جائیں گی۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے دوران تربیت نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریسکیورز اور تربیت فراہم کرنے والے انسٹرکٹرز میں خصوصی شیلڈ تقسیم کیں اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کمال شاہ کی بطور ٹریننگ رجسٹرار کارکردگی کو سراہا۔











