وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت خصوصی اجلاس،بجٹ تجاویز پر غور کیا گیا

134

 

لاہور،یکم جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔اجلاس میں آئندہ مالی سال 2020-21 کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 2020-21 ء کا جائزہ لیا گیا،آئندہ مالی سال کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  آئندہ مالی سال2020-21 کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کو حقیقت پسندانہ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ترجیحات کا تعین کیا جائے گا،کورونا وباء کے باعث شعبہ صحت کے لئے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم،انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ، پینے کے صاف پانی او رسماجی شعبوں کی ترقی کو ترجیح دیں گےپوری کوشش ہے کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کو سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کئے جائیں، بجٹ میں اعدادوشمار کی جادوگری کے بجائے حقیقی صورتحال رکھی جائے،صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے منفرد انداز میں نئے اقدامات متعارف کرائے جائیں ۔

وزیر اعلی پنجاب نے کورونا وبا کے باعث محکموں کو غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں کفایت شعاری، بچت اور فنانشل ڈسپلن پر پورا فوکس ہونا چاہیے،پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ منصوبوں کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے،سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پراجیکٹس پر توجہ دی جائے۔

چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2020-21 ء کے بارے میں بریفنگ دی اور سیکرٹری خزانہ کی آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب،سیکرٹری خزانہ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔