بورے والا،07 جون(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) وقاص رشید نے کہا ہے کہ ٹڈی دل سے آگاہی اور تدارک کیلئے حکومت کی طرف سے موضع کی سطح پر750 کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ جب بھی کسی علاقے میں ٹڈی دل کا حملہ ہو تو اس حوالے سے بروقت محکمہ زراعت کو اطلاع دی جا سکے اور یہ کمیٹیاں متعلقہ محکموں اور کاشتکاروں کے درمیان باہمہ رابطے کا ذریعہ بھی بنیں اور ٹڈی دل کے فوری خاتمے میں بھی اپنا کردار ادا کریں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےتحصیل کونسل ہال میں محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام موضع کی سطح پر قائم ٹڈی دل کے حوالے سے کمیٹیوں کے تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) وقاص رشید نے کہا کہ موسمی تبدیلیوں کے باعث ٹڈی دل کی افزائش میں اضافہ ہوا ہے، ٹڈی دل کا حملہ فصلوں کیلئے شدید نقصان کا باعث بنتا ہے، ہمیں متحر ک اور چوکنا ہو کر تیار رہنا ہے تاکہ جیسے ہی کسی علاقے میں ٹڈی دل حملہ آور ہو تو فوری طور پر اس کا خاتمہ کیا جا سکے اور فصلوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کاشتکاروں کو مسلسل آگاہی دینا اور ٹڈی دل کے تدارک کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا انتہائی ضروری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جب کسی علاقے میں ٹڈی دل کی موجودگی نظر آئے تو فوری طور پر متعلقہ محکموں کو اطلاع دی جائے، متعلقہ محکموں کے ملازمین ہمہ وقت ٹڈی دل کے خاتمہ کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ بھی ٹڈی دل کے خطرے کے پیش نظر اپنی سپرے مشینری اور دیگر لوازمات تیار رکھیں، بروقت کارروائی کر کے ٹڈی دل کے حملے سے بچا جا سکتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) وقاص رشیدنے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت کا فیلڈسٹاف اور کمیٹیاں آپس میں رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت نمٹا جا سکے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد فاروق ڈوگرنے کہا کہ ڈپٹی کمشنر وہاڑی کیپٹن (ر) وقاص رشید کی ہدایت پر بر وقت اقدامات کی بدولت ضلع وہاڑی میں باقی اضلاع کی نسبت ٹڈی دل سے بہت کم نقصان ہوا ہے، ضلع وہاڑی میں ٹڈی دل سے آگاہی اور خاتمے کے حوالے سے جو کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ان کمیٹیوں کا مقصد ٹڈی دل کے بچاﺅ کے حوالے سے کاشتکاروں میں آگاہی پیدا کرنا ہے کہ کس طرح ٹڈی دل کے حملے سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ سیمینار سے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا محمد عارف نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر اے سی میلسی انور علی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت پیسٹ کنٹرول ڈاکٹر محمد رمضان عاصی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
وی این ایس، بورے والا