پشاور، 19 جون(اے پی پی): وزیر اعلی محمود خان سے خیبر پختونخوا پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی،ملاقات میں موجودہ کورونا کی صورتحال میں نجی سکولوں کو درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی۔
جمعہ کو وزیر اعلی ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعلی نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نجی سکولوں کے تمام جائز مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے نجی سکولوں کے مسائل کے حل کے لئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جو دس دنوں میں وزیر اعلی کو سفارشات پیش کرے گی۔
ملاقات میں صوبائی حکومت کی جانب سے صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب، سیکرٹری ایلیمنٹری سیکنڈری ایجوکیشن ندیم اسلم چوہدری اور ایم ڈی پی ایس آر اے تاشفین حیدر بھی موجود تھے جبکہ ملاقات کیلئے آنیوالے وفد میں پرائیویٹ اسکول ایجوکیشن نیٹ ورک کے عہدیداران محمد سلیم خان، امجد علی شاہ، سید انس تکریم، شوکت محمود ، فضل اللہ داودزئی اور دیگر شامل تھے۔
وی این ایس ،پشاور











