ملتان30 جون،(اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویڑن شان الحق نے مون سون کے پیش نظر واسا کو جنگی بنیادوں پر انتظامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ واسا اپنی مشینری اور ڈسپوزل سٹیشن فنکشنل رکھے اور تمام مشینری کا فٹنس سرٹیفکیٹ کمشنر آفس جمع کروائے۔
ان خیالات کا اظہار کمشنر نے مون سون میں اربن فلڈنگ،واسا کے ترقیاتی بجٹ بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر شان الحق نے واسا کو ریکوری اہداف بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی رہائشی کالونیوں سے فوری ریکوری کرکے ریونیو بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے شہریوں کی سہولت اور مسائل کے حل کیلئے سیورج اور صاف پانی کی متعدد سکیمیں منظور کی گئیں ہیں،واسا تمام سکیموں کو بروقت شروع کرنے کے بارے میں اقدامات کرے۔اس عمل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اورعوام کے ٹیکس کا پیسہ ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔منصوبوں کی تکمیل میں کوالٹی کا خاص خیال رکھا جائے اور تاخیری حربے استعمال کرنے یا کام ادھورا چھوڑنے والے ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کیا جائے۔
اجلاس میں واسا کی مختلف سکیموں کیلئے بجٹ میں مختص رقم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی نے بتایا کہ پرانی سیورج لائنوں کی تبدیلی کیلئے 35 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔نئی سیورج لائینوں کیلئے 3 کروڑ، نئی واٹر لائنز کیلئے 3 کروڑ بجٹ میں شامل ہیں جبکہ بوسیدہ واٹر لائینوں کی تبدیلی کیلئے 8 کروڑروپے مختص کئے گئے۔چونگی نمبر 9 ڈسپوزل سٹیشن کی اپ گریڈیشن کیلئے 15کروڑ مختص کئے گئے۔
ایم ڈی واسا نے بتایا کہ واسا کہ 600 سیور مین ہیں اور تمام فیلڈ میں موجود ہیں۔واسا کے 63 واٹر فلٹریشن پلانٹس فنکشنل ہیں۔
سی او میٹروپولیٹن کارپوریشن اقبال فرید نے بتایا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر کنٹرول 97 واٹر فلٹریشن پلانٹس ہیں۔ خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس بارے رپورٹ تیار کی جارہی ہے۔
وی این ایس، ملتان