آئی جی  خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کا عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کا دورہ، آن لائن سمینار میں شرکت

120

مردان، 30جون(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے منگل کو یہاں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کا دورہ کیا  جہاں انہوں نے  آن لائن سمینار میں شرکت کی۔ آئی جی پی نے یونیورسٹی سٹوڈنٹس اور فیکلٹی ممبران کو آن لائن سیمینار میں ضم شدہ اضلاع میں پولیسنگ اور کورونا وباءمیں پولیس کے کردار کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا۔

آئی جی پولیس نے آن لائن لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں بہترین پولیسنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے،لیویز اور خاصہ داروں کو پولیس فورس میں ضم کر کے انکی باقاعدہ تربیت کا پروگرام بھی وضح کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 29ہزار لیویز اور خاصہ دار فورس کو ضم کرنے کا عمل 90فیصد مکمل ہوچکا ہے، دو ہزار سے زائد آسامیوں پر میرٹ کے تحت بھرتی کا عمل جلد شروع کیا جائیگا۔

آئی جی پولیس نے کہا کہ نئے ضم شدہ اضلاع میں 28نئے تھانے اور پولیس لائنز پر کام امسال شروع کیا جائیگا،قبائلی عوام نے نئے ضم شدہ اضلاع میں  پولیس کیجانب سے ٹریفک کا نظام متعارف کروانے کو سراہا ہے، ای چالان سسٹم سمیت کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنس اور کریکٹر ویریفیکیشن کے عمل کا اجرا ءکر دیا گیا ہے جس سے نوجوانوں کو بیرونی ملک ملازمت کے حصول میں آسانیاں پیدا ہوگئی ہیں۔

آئی جی پی نے شرکاءکو بتایا کہ خیبر پختونخوا پولیس میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔خیبر پختونخوا پولیس روایات کی امین ہے اور صوبے کے ہر فرد کے عزت نفس اور بنیادی انسانی حقوق کا ہر صورت میں خیال رکھا جائیگا۔

کرونا وباءکے حوالے سے آئی جی پی کا کہنا تھا کہ وباءکی روک تھام میں خیبر پختونخوا پولیس کا کردار مثالی رہا، لاک ڈاون کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی تربیت کا عمل بھی جاری ہے۔وباءکے دوران 116سے زائد پولیس افسران و جوان کرونا کا شکار ہوئے جن میں اب تک 06پولیس افسران شہید ہو چکے ہیں۔

سمینار کے اختتام پر آئی جی پولیس ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کو یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ بعد ازاں انہوں نے یونیورسٹی کی ڈیجیٹل لائبریری کادورہ کیا اور یونیورسٹی گارڈن میں پودا بھی لگایا۔

 اس سے قبل یونیورسٹی پہنچنے پر  وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق، ڈی آئی جی شیر اکبر، ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ اور یونیورسٹی فیکلٹی ممبران نے آئی جی پولیس کا پرتپاک استقبال کیا۔

وی این ایس ، پشاور