پشاور،یکم جولائی (اے پی پی): وزیر تعلیم خیبرپختونخوا کی زیر صدارت پشاور پبلک اسکول کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا۔دوران اجلاس صوبائی وزیر نے ہدایات دیں کہ پشاور پبلک سکول کے فیس سٹرکچر کوپرائیویٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی کے رولز کے مطابق مقرر کیا جائے اور سٹاف کی اپ گریڈیشن کے لئے گورنمنٹ پالیسی کو مد نظر رکھا جائے۔ تمام خودمختیار تعلیمی ادارے جلد از جلد پی ایس آر اے کے ساتھ رجسٹرڈ کیے جائیں۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ پشاور پبلک سکول کے سٹاف کی بھرتی گورنمنٹ کی طرف سے جاری کردہ رولز کے مطابق ہوگی اور گریڈ-1 سے لیکر گریڈ-16 کی بھرتی کا اختیار پرنسپل کے پاس ہوگا تاہم گریڈ-7 اور اس سے اوپر کے آسامیوں کیلئے ٹیسٹنگ ایجنسی کی خدمات حاصل کی جائیں۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ ضرورت مند اور نادر بچوں کے لئے انڈوومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا جائے جبکہ سکول میں بچوں کے داخلے کے وقت سیکیورٹی فیس ضرور لی جائے اور اسی طرح غریب،یتیم اور نادار بچوں کو بھی 2.5 فیصد کے حساب سے فیس معافی دی جائے۔
پشاور پبلک سکول کی کمپیوٹر آپریٹرز کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے بورڈ نے فیصلہ کیا کہ کمپیوٹر آپریٹر کی آپریشن بورڈ آف گورنرز کے فیصلے والے دن سے ہوگی نہ کہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ کے حوالے سے اسی طرح سکول رولز 2009 کو ریوائزڈ کرنے کے لئے ایک کمیٹی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے تاکہ سکول رولز کو موجودہ حکومتی قانون کے مطابق بنایا جا سکے۔
اجلاس میں پشاور تعلیمی بورڈ قیصر عالم، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس سفیر للہ خان اور بورڈ کےدیگر ممبران بھی موجود تھے۔
وی این ایس، پشاور