اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے خیبر پختونخوا کے کسانوں کے وفد کی ملاقات

157

اسلام آباد ، 4 جولائی (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ہفتہ کوخیبر پختون خوا کے کسانوں کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں تمباکو کے کاشتکار بھی شامل تھے۔ انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کا کاشتکاروں کی آواز بننے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایڈوانس ٹیکس لاگو نہ کرنے سے کسانوں کو فائدہ ہوگا،خصوصی کمیٹی برائے زرعی اجناس نے ہماری ترجمانی کی ہے۔

 وفد نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں ہمارے مسائل حل نہیں کیے گئے، حکومت اگر زراعت کو ترقی دینا چاہتی ہے تو کسانوں کے مسائل کو حل کرے۔

 رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے اس موقع پر  کہا کہ پورے ملک کے کسانوں کے مسائل حل کریں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی ہر وقت کسانوں کے مسائل کے بارے میں سوچتے ہیں۔ اللہ پاک اسپیکر صاحب کو ہمت اور استقامت عطا کرے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی مدد کرنا میری اخلاقی ذمہ داری ہے، کسانوں کا مجھ پر قرض ہے، عام لوگوں کی وجہ سے میں اسمبلی تک پہنچا، صوابی کے عوام نے مجھ پر اعتماد کیا۔ میں ایک پسماندہ علاقے سے منتخب ہوا ہوں ۔انہوں نے  کہا کہ موجودہ بجٹ میں صوابی اور خیبر پختونخوا  کے کسانوں کو ریلیف ملا،ہم ایک ٹاسک فورس بنا رہے ہیں جو کسانوں کے مسائل حل کرے گی، ہماری کمیٹی نے ایک پالیسی بنائی ہے،پالیسی وزیر اعظم کو پیش کریں گے، خصوصی کمیٹی نے 12 نکاتی میموریڈم تیار کیا ہے، قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کسانوں کی مدد اور راہنمائی کے ہماوقت تیار ہے، موجودہ حالات میں  آم کی ایکسپورٹ  کیلئے  خصوصی کمیٹی نے کام کیا اور بر وقت اقدام کرکے آم کی فصل کو بچایا۔کمیٹی کی سفارش پر آم کی برآمد کے لیے تفتان بارڈر کو چوبیس گھنٹوں کے اندر کھولا گیا۔

وی  این  ایس،   اسلام  آباد