ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت سکول رجسٹریشن اتھارٹی کا اجلاس

154

ملتان،07 جولائی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت سکول رجسٹریشن اتھارٹی کا اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا ، ڈی سی  عامر خٹک نے  پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن کے تمام زیرالتواء کیسز نمٹانے کا حکم جاری کرتے ہوئے  پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن کے لئے تحصیل  مانیٹرنگ کمیٹیوں کی تعداد بڑھانے کی  ہدایت کر دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلع میں 2800 پرائیویٹ سکولز رجسٹرڈ ہیں، تعلیم کے شعبہ میں پرائیوٹ سکولوں کے مثبت  کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔انہوں  نے محکمہ تعلیم  کو پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن میں تیزی لانے کی ہدایت  کرتے  ہوئے کہا  کہ پرائیوٹ سکولوں کی بلڈنگ کے  بارے میں  این او سی جاری کرنے والے نجی اداروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور  بتایا کہ کسی بھی پرائیویٹ تعلیمی ادارے کے قیام کے 45 دن کے اندر اس کی رجسٹریشن کرانا  ضروری ہے ۔

ڈپٹی کمشنر  نے ضلع کے تمام غیر رجسٹرڈ سکولوں کی رجسٹریشن کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پرائیوٹ سکولوں کی رجسٹریشن کے طریقہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، رجسٹریشن کے وقت  بلڈنگز،اکیڈمک سٹاف کی تعلیم اور انکی تنخواہ کو میرٹ پر پرکھا جائے جبکہ  ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر رجسٹریشن کی غرض سے پرائیوٹ سکولوں کی بھی مانیٹرنگ کریں۔

اس حوالے سے ضلعی صدر پی ٹی آئی خالد جاوید وڑائچ نے کہا کہ پرائیوٹ سکولوں کی بلڈنگز  کے بارے میں  سالانہ این او سی جاری کرنے والے نجی اداروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، رجسٹریشن کے کیسز کے لئے  رپورٹ کی تیاری میں تاخیر نہ کی جائے ۔ ضلع میں تمام غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کی جائے۔

اجلاس میں ضلعی صدر پی ٹی آئی خالد جاوید وڑائچ سمیت  سی ای او ایجوکیشن  ریاض خان،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن ایاز محمود ،فضل عباس اور ممبر سکول رجسٹریشن اتھارٹی حارث جاوید نے بھی شرکت کی ۔

وی این ایس،ملتان