ملتان،07 جولائی)اے پی پی ):عیدالاضحیٰ کے موقع پر عارضی بکر منڈیاں لگانے کے لئے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے،اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت انتظامات کا جائزہ اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عارضی بکر منڈیاں شہری حدود سے باہر لگانے کی ہدایت کی ہے اور شہری حدود میں آنے کی وجہ سے سامورانہ میں لگنے والی مستقل بکر منڈی بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ڈی سی عامر خٹک نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پھیلنے کے خدشہ کے پیش نظر کوئی رسک نہیں لیا جائے گا،تمام بکر منڈیاں اڑھائی کلومیٹر سے زائد فاصلے پر شہر سے باہر لگائی جائیں،عامر خٹک نے کہا کہ چوبیس گھنٹوں کے اندر عارضی بکر منڈیوں کے مقامات کا تعین کرکے رپورٹ پیش کی جائے اور رش کم کرنے کے پیش نظر گزشتہ سال کے مقابلہ میں بکر منڈیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے،بکر منڈیوں کو جانیوالوں راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں۔
عامر خٹک نے کہا کہ شجاع آباد اور جلالپور پیروالہ میں بھی میونسپل کمیٹی کی حدود سے باہر بکر منڈیاں لگائی جائیں،انہوں نے کہا کہ عارضی بکر منڈیوں میں حکومت کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اس مقصد کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ہر افسر کو علیحدہ علیحدہ بکر منڈی کا فوکل پرسن مقرر کیا جائے گا اور بکر منڈیوں میں محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کیمپ لگائیں گے۔
مویشی منڈی میں کسی کو بھی ماسک پہنے بغیر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ بکر منڈیوں میں بچوں اور ضعیف العمر افراد کا داخلہ ممنوع ہو گا، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جانور کو لانے والی گاڑی کی شہر میں داخلہ سے پہلے جراثیم کش کی جائے گی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محمد طیب خان ،قمرالزمان قیصرانی،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالطیف خان،اسسٹنٹ کمشنرز عابدہ فرید،شہزاد محبوب،احمد رضا،غلام سرور، محمد زبیر،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرارشد ملک،چیف آفیسرز اقبال فرید اور اقبال خان نے شرکت کی۔
اے پی پی /ملتان/نورین