ملتان : کمشنر شان الحق کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی  کا اجلاس

132

ملتان، 07جولائی(اے پی پی): کمشنر شان الحق کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی  کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں کمشنر نے ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز کو مہنگائی کنٹرول کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائی میں تیزی لانے کا حکم دے دیا۔

اجلاس میں کمشنر شان الحق کا کہنا تھا کہ گراں فروش اور ذخیرہ اندوز معاشرے کا ناسور ہیں اور ان کا خاتمہ ضروری ہے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنی کارکردگی بہتر بنائیں، دکانوں پر اشیاء خوردونوش کے پرائس لسٹ بینرز واضح آویزاں کئے جائیں۔

ٹائیگر فورس کے  بارے  میں بات کرتے ہوئے کمشنر شان الحق نے کہا کہ شہریوں میں ٹائیگر فورس کی واضح شناخت کے لئے ان کو کارڈز اور یونیفارم جیکٹس فراہم کی جائیں گی۔ ۔

اس موقع پر کمشنر شان الحق کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں ایک روز میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 2118 چھاپے مارے گئے،گراں فروشوں ذخیرہ اندوزوں کو 1 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے۔ ماہ جولائی میں ابتک 13 ہزار سے زائد چھاپے،756100 روپے جرمانہ کیا جا چکا ہے۔گراں فروشوں کیخلاف 2 ایف آئی آر جبکہ 2 افراد گرفتار کیے جاچکے ہیں۔ڈویژن بھر میں ایک روز میں 70 روپے فی کلو کے حساب سے 469700 روپے کی 6710 کلو چینی فروخت کی گئی ہے۔

ٹائیگر فورس کے بارے  میں بریفنگ دیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر جنرل خواجہ عمیر محمود نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں 80721 ٹائیگر فورس کے جوان رجسٹرڈ ہیں۔ پہلی کال ریسپانس پر 28 ہزار سے زائد جوانوں کو مختلف شعبوں میں ٹاسک دیا گیا ہے۔

 اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان نے شرکت کی  جبکہ  ویڈیو لنک پر ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

وی این ایس،ملتان