ملتان،15جولائی )اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے سمارٹ لاک ڈاون اور ایس او پیز اپنا کر بہترین حکمت عملی اپنائی گئی ہے جس کی وجہ سے کورونا وائرس کے کیسسز کی رفتار میں کمی واقع ہو رہی ہے۔
کوروناوائرس کے حوالے سے نیو ملتان میں واقع ایک نجی اسکول میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کے لئے قائم کی جانے والی مویشی منڈیوں میں بھی ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا، بغیر ماسک کے مویشی منڈی میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا اور بچوں اور بوڑھوں کا داخلہ بھی مویشی منڈی میں ممنوع ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا قرنطینہ مرکز ملتان میں قائم کیا گیا جہاں لگ بھگ ساڑھے چھ ہزار مہمانوں کی میزبانی کی گئی،اس کے علاوہ ملتان میں ریپڈ ریسپانس ٹیم کی تشکیل سے ہزاروں افراد کے کورونا ٹیسٹ ان کے گھروں کی دہلیز پر کئے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ حفاظتی اقدامات پر عمل کرکے کورونا وائرس سے بچا جا سکتا ہے،تقریب میں ڈپٹی کمشنر نے بچوں اور خواتین میں کورونا کٹس بھی تقسیم کیں جبکہ تقریب میں بچوں اور خواتین نے بھرپور شرکت کی۔
اے پی پی /ملتان /حامد











