حکومت کا ایجنڈا معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے؛ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال

124

لاہور،16جولائی(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ  پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت کامیاب رہی ہے، امید ہے آنے والے دنوں میں کرونا کی صورت حال میں مزید بہتری آئے گی۔

 ان خیالات کا  اظہار صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال  نے  صدر ٹریڈرز ونگ پاکستان تحریک انصاف حاجی طاہر نوید کی قیادت میں وفد سے  ملاقات میں  کیا ۔ ملاقات میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میں ہونے والے کرونا وبا کے باعث تاجروں کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی  جبکہ تاجروں کے وفد نے مارکیٹوں کے اوقات کار رات8بجے تک کرنے اور ہفتہ کو مارکیٹیں کھولنے کی تجویز بھی دی۔

 صوبائی وزیر نے کہا کہ معشیت کے فروغ میں تاجروں کا کلیدی کردار ہے۔ تاجروں کے  جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔ کرونا کی وبا نے کاروباری سرگرمیوں سمیت ہر شعبے کو متاثر کیا ہے۔

 میاں اسلم اقبال نے کہا کہ مارکیٹوں کے اوقات کار بڑھانے اور ہفتہ کے روز مارکیٹیں کھولنے کا معاملہ این سی اوسی کے اجلاس میں رکھوں گا،تاکہ   تمام فیصلے معاشی وطبی ماہرین کی مشاورت سے کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  کرونا وبا کی صورت حال میں بہتری آئی ہے تاہم احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑ سکتے۔ کرونا سے متاثرہ کاروبار کی بحالی اور نیا کاروبار شروع کرنے کے لئے آسان قرضوں کا بڑا پروگرام لارہے ہیں۔

وی این ایس،لاہور