کوئٹہ،28جولائی(اے پی پی ):وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے بلوچستان عوامی پارٹی کے وکلاء ونگ کے صدر امیر محمد ترین ایڈووکیٹ کی قیادت میں وکلاء ونگ کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وفد نے وکلاء ونگ کی کارکردگی، مسائل اور کورونا سے متاثرہ وکلاء کودرپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کی درخواست کی، وزیراعلیٰ نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کی کارکردگی کو بہتر کرنے میں ایک سازگار پیشہ ورانہ ماحول کی فراہمی انتہائی ضروری ہے، وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ ونگ کے وکلاء پارٹی اور حکومت کو قانونی امور کے حوالے سے اپنی خدمات مزید موثر کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی کو قانونی امور پر مشاورت اور معاونت فراہم کرتے رہیں اور اس ضمن میں اپنی ذمہ داریوں کا ادراک رکھیں۔
وزیراعلیٰ نے وکلاء کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت ان مسائل کے موثر حل کے لئے سنجیدہ اقدامات کرے گی، وکلاء نے ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں وکلاء کونشن میں شرکت کی دعوت دی، وزیراعلیٰ نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ عید کے بعد وکلاء کے ساتھ ایک تقریب رکھی جائے گی۔
وفد میں پراسیکیوٹر جنرل حاجی نعمت اللہ ترین ایڈووکیٹ، جنرل سیکریٹری علی ہزارہ ایڈووکیٹ، سابق وائس چیئرمین بار کونس حاجی عطاء اللہ لانگو ایڈووکیٹ، جوائنٹ سیکریٹری شمائلہ افتخار ایڈووکیٹ، نصرت شاہین ایڈووکیٹ، عزیزاللہ خان کاکڑ ایڈووکیٹ، راجہ رحیم ابڑو ایڈووکیٹ، نیاز عمرانی ایڈووکیٹ اور جواد حسن ایڈووکیٹ شامل تھے۔
وی این ایس، کوئٹہ











