بورے والا،02اگست(اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے حکم پر عید الاضحی کے دوسرے روز بھی ضلعی انتظامیہ متحرک ہے، ڈپٹی کمشنر وہاڑی کیپٹن (ر) وقاص رشید کی ہدایت پر ضلع بھر میں صفائی ستھرائی اور جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے کا عمل جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) وقاص رشید نے کہا ہے کہ عملہ صفائی باقاعدگی سے گلی محلوں سے آلائشوں کو اکٹھا کر کے ڈپمنگ پوائنٹس پر لا رہا ہے، ڈپمنگ پوائنٹس سے مشینری کے ذریعے آلائشوں کو اٹھا کر ٹھکانے لگایا جا رہا ہے، شہریوں کو صاف ستھرا اور خوبصورت ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جا رہے ہیں، عملہ صفائی پوری محنت اور لگن سے خدمات انجام دے رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ہے۔
عید کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بورے والا رانا اورنگ زیب اور چیف آفیسر راؤ محمد علی نے بھی شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے عمل جائزہ لیا۔ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کے موقع پر عملہ صفائی کی کارکر دگی کو مانیٹر کیا جبکہ شہریوں نے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے صفائی اور آلائشیں اٹھانے کے لئے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اے پی پی/بورےوالا/قرۃالعین











