یوم استحصال مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلی نکالی گئی

87

کوئٹہ، 05 اگست (اے پی پی ): یوم استحصال مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلی نکالی گئی، یوم استحصال کشمیر ریلی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر منظور احمد کاکڑ، صوبائی وزیر سلیم کھوسہ، وزیراعلی کے کوآرڈینیٹر بلال کاکڑ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگزیب بادینی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔

 یوم استحصال کشمیر ریلی کے شرکاءنے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور فضاء کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتی رہی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہا کہ بھارت نے آئین کے آرٹیکل 370 اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اقوام متحدہ کے قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے،کشمیر میں گزشتہ ایک سال سے بھارتی انتہاپسند ہندونواز سرکار نے کرفیو لگا رکھا ہے اور نہتے مظلوم کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی نئی داستان کا آغاز کیاہے۔

انہوں نے  کہا کہ کشمیری عوام کو گزشتہ ایک سال سے بھارت کی طرف سے بدترین ریاستی دہشت گردی اور سخت ترین کرفیو کا سامنا ہے۔ ہم کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی پھرپور مذمت کرتے ہیں اور ان کے حق خودارادیت کی اخلاقی حمایت کرتے ہیں اور ہم اقوامِ متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کا نوٹس لیا جائے اور کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کے خواہش کے مطابق حل کیا جائے۔

اے پی پی / محمد بلال اعوان/نورین