ملتان، 5 اگست (اے پی پی): ممبر پنجاب کشمیر کمیٹی و ترجمان حکومت پنجاب ندیم قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،ہمارا تن من دھن کشمیریوں پر قربان ہے،وہ وقت دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں کشمیریوں سےیکجہتی کے لیے یوم استحصال کشمیر ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو اب22 کروڑ پاکستانیوں کی فوج کا سامنا کرنا پڑے گا جو موت سے نہیں ڈرتے،انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری شہداء اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو بلند ہمت وحوصلہ کے ساتھ بھارتی فوج کے مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
ندیم قریشی نے کہا کہ اس وقت انسانی حقوق کا پرچار کرنے والے مغربی تجزیہ نگار کہاں ہیں،انہیں بھارتی مظالم کیوں نظر نہیں آتے؟وزیر اعظم عمران خان نے اس ایشو کو عالمی سطح پر اٹھایا ہے،اب ہم اور اپنی قوت بازو سے کشمیر لے کر رہیں گےاور اب دنیا پاکستان کی تکمیل دیکھے گی۔
بعد ازاں ان کی قیادت میں ریلی جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی چوک کچہری کی ریلی میں شامل ہو گئی۔
اس موقع پر غزل غازی،اقبال عاربی، شیخ ندیم احمد،شیخ امین اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
اے پی پی/ملتان/نورین











