گھوٹکی ، 07 اگست (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ گھوٹکی کی جانب سے گندم کی اسملنگ کے خلاف گذشتہ 4 ماہ سے بھرپور کارروائیوں کے باوجود جاری اسملنگ کے سلسلے میں اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر گھوٹکی لیفٹیننٹ رٹائرڈ محمد خالد سلیم نے کمشنر سکھر ڈویزن کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گندم کی اسملنگ کے معاملے میں ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے محکمہ خوراک، روینیو اور پولیس کے ملازمین کو شک کی بنیاد پر شامل تفتیش کیا تھا، دوران تفتیش تحصیلدار رشید احمد، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر روشن علی، ہیڈ کانسٹبل رشید احمد، ہیڈ کانسٹیبل عبد الرشید، ہیڈ کانسٹیبل مشتاق علی کے خلاف گندم کی اسملنگ میں ملوث ہونے کے الزامات ثابت ہونے پر انہیں گرفتار کرکے 8 ملزمان پر مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ فوڈ انسپیکٹر حفیظ جویو، فوڈ انسپیکٹر سردار میرانی اور فوڈ سپروائزر فہیم ڈہر مفرور ہیں۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ہے ضلعی انتظامیہ نے گندم کی اسملنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی ہیں جس دوران 9 لاکھ سے زائد گندم کی بوریاں ضبط کی گئی ہیں تاہم مذکورہ ملازموں کے متعلق شکایات موصول ہوئیں کہ وہ گندم کی اسملنگ میں ملوث ہیں اس لئے ان کو کمشنر سکھر کی ہدایات پر شامل تفتیش کیا گیا تھا، دوران تفتیش کچھ حقائق سامنے آئے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے لئے مقدمہ درج کیا گیا ہے تا کہ مزید حقائق سامنے آسکیں۔
اے پی پی / نصیب الہی











