ملتان ، 10 اگست (اے پی پی ): ملتان میں خصوصی افراد کے لئے میگا ترقیاتی منصوبہ ، سوشل ویلفئیر کمپلیکس متی تل ، زیر تعمیر ہے ۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور ایم این اے ملک احمد حسن ڈیہڑ نے زیر تعمیر منصوبے کا دورہ کیا ، ایکسین بلڈنگ حیدر علی اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر ملک محمد یونس بھی ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ سنٹر میں معذور افراد کے لئے پاور اور وائس کنٹرول وہیل چئیرزکی اسمبلنگ کی جائے گی اور نابینا افراد کی تعلیم لئے بریل کتابوں کی پرنٹنگ بھی کی جائے گی، بریل کتابوں کی اشاعت کے لئے بریل پرنٹنگ پریس لگائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نابینا افراد کے لئے سمارٹ گو کین بھی بنائی جائے گی ،سمارٹ کین نابینا افراد کی راہ چلتے رہنمائی کرے گی۔
ایم این اے احمد حسن ڈیہڑ نے کہا کہ منصوبہ کے لئے میں نے ایم این اے فنڈز سے رقم فراہمی کی ہے، معذور افراد کی آواز بنوں گا ،یہ میرا مشن ہے،خصوصی افراد کے لئے زیر تعمیر سنٹر میرا خواب ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ میں ڈپٹی کمشنر عامرخٹک کی ذاتی دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنوبی پنجاب کے ترقیاتی فنڈز کسی کو ہڑپ نہیں کرنے دونگا۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور احمد حسن ڈیہڑ نے سوشل ویلفئر کمپلیکس میں تکمیل شدہ دارلامان کی بلڈنگ کا بھی دورہ کیا، ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ دارلامان کی عمارت10 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے،بلڈنگ کے سیوریج سسٹم کی تکمیل آخری مراحل میں ہے،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ہدایت کی کہ دو ماہ کے اندر دالامان نئی بلڈنگ میں شفٹ کیا جائے اور دارلامان کی نئی بلڈنگ میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں ۔
وی این ایس، ملتان











