نوشہرہ، 10اگست(اے پی پی): نوشہرہ کینٹ پولیس نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے صرافہ بازار نوشہرہ کینٹ میں دو دوکانوں کا صفایا کرنے والے نوسرباز کو گرفتار کرکے مال مسروقہ برآمد کرلیا۔
اے ایس پی کینٹ بلال احمد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ07 جولائی کو صرافہ بازار میں ایک کرایہ دار نے دوکان کو پینٹ کروانے کے بہانے دو دوکانوں سے 28 تولہ سونا اور 01 لاکھ 30 ہزار روے کا صفایا کر دیا۔پولیس موقع پر پہنچی تو ابتدائی طور پر انجمن تاجران نے فوری طور پر کارروائی نہ کرنے اور آپس میں صلح کرنے کیلئے پولیس سے وقت مانگ لیا، جس پر پولیس نے جائے وقوعہ کو محفوظ کر لیا تاکہ شواہد مٹ نہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ صلح مشورے کے بعد انہوں نے باقاعدہ طور رپورٹ درج کی، جس پر ڈسٹرکٹ پولیس افیسر کیپٹن (ر) نجم الحسنین نے اے ایس پی کینٹ بلال احمد کی سربراہی میں انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی جنہوں نے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر کیس کی تفتیش کی اور سی سی ٹی وی فوٹیج، فنگر پرنٹ اور موبائل ٹیکنالوجی کے ذریعے ملزم تک رسائی حاصل کرکے ملزم محمد عامر حنیف ولد محمد حنیف ساکن لاہور کو گرفتار کر لیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران تمام حقائق اُگل دئیے اور اقرار جرم کر لیا۔
اے ایس پی کینٹ نوشہرہ نے کہا کہ ملزم کی نشاندہی پر مال مسروقہ برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ ملزم نوشہرہ کے علاوہ پشاور تھانہ غربی پولیس کو بھی 90 تولہ سونا کی چوری کی واردات میں بھی مطلوب ہے۔
اے پی پی /صائمہ حیات /قرۃالعین











