گرین پاکستان وژن کے مطابق خیبرپختونخوا کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے کوشاں ہیں ؛ وزیراعلیٰ محمود خان

79

پشاور،9 اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ریگی للمہ ٹاﺅن اور باچا خان ایئر پورٹ پشاور میں ٹائیگر فورس ڈے کے حوالے سے منعقدہ شجرکاری مہم میں شرکت کی جسمیں اُنہوں نے پودے لگا کر مہم کا باضابطہ اجراءکیا۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ گرین پاکستان وژن کے مطابق خیبرپختونخوا کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے کوشاں ہیں، رواں پانچ سالوں کے دوران صوبہ بھر میں ایک ارب 20 کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں گے ۔

ریگی للمہ ٹاﺅن میں ٹائیگر فورس شجرکاری مہم کے اجراءکی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ ٹائیگر فورس ڈے کی مناسبت سے شجرکاری مہم میں شریک لوگوں کے جذبات خصوصی طور پر ٹائیگر فورس کے جوانوں کا ولولہ قابل ستائش ہے ، صوبے کے عوام اور صوبائی حکومت کیلئے شجرکاری کوئی نیا اقدام نہیں ہے ، ہم پچھلے پانچ سالوں میں صوبے میں ایک ارب 20 کروڑ پودے لگانے کا کامیاب تجربہ کر چکے ہیں، جس کو دُنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے۔

وزیراعلیٰ نے  کہا کہ قومی سطح پر 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت خیبرپختونخو امیں مزید ایک ارب 20 کروڑ سے زائد پودے لگانے کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں شجرکاری زور و شور سے جاری ہے ، ٹائیگر فورس کی شجرکاری میں شرکت خوش آئند ہے ، ہم ٹائیگر فورس کے جوانوں کی استعداد کار سے بھر پور فائدہ اُٹھائیں گے اور عوامی فلاح کے دیگر منصوبوں میں بھی ٹائیگر فورس کی خدمات سے استفادہ کریں گے ۔

 ٹائیگرفورس ڈے کے موقع پر صوبے کے 853 مقامات پر شجرکاری مہمات کا انعقاد کیا گیا ، جن کے تحت صرف پشاور ڈویژن میں 10 لاکھ جبکہ صوبے کے باقی ڈویژنز میں 25 لاکھ پودے لگائے گئے ۔ صوبائی کابینہ کے اراکین ، سنییٹرز ، اراکین صوبائی اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں میں شجرکاری مہمات کی قیادت کی ۔

سورس: وی    این ایس،   پشاور