لاہور، 12 اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ آئینی اداروں پر حملے ن لیگ کی پرانی روایت ہے، باپ نے سپریم کورٹ پر حملہ کرایا تو بیٹی نیب کے آئینی ادارے پر حملہ آور ہوئی، لندن تو کیا پاکستان میں بھی جائداد نہ ہونے کی دعویدار مریم نواز کی جائیدادیں اب کہاں سے نکل رہی ہیں، رائونڈ کی ہزاروں ایکڑ جائداد کے بارے پوچھا گیا تو محترمہ لشکر لے کر نیب پر چڑھ دوڑیں، لوٹ مار کاحساب مانگنے پر آئنی ادارے پر حملہ زیادتی ہے، یہ عناصر یادرکھیں، عوام کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی کا حساب دینا پڑے گا.
صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے کیمپ آفس میں کھلی کچہری کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیر نے 2 گھنٹے تک لوگوں کے مسائل سنیں اور بعض مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے، لوگوں کے زیادہ تر مسائل واسا، پولیس ،تعلیم ،صحت ،بجلی ،سوئی گیس اور دیگر سماجی اداروں سے متعلقہ تھے، صوبائی وزیر نے کہا کہ لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانا وزیر اعظم عمران خان کا ویزن ہے اور موجودہ حکومت نے عوام کی فلاح کے لیے بے مثال پروگرام شروع کر رکھے ہیں، انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد سے نظام کی خرابیاں واضح ہوتی ہیں اور لوگوں کے مسائل براہ راست حل کرنے کا موقع ملتا ہے، انہوں نے کہا کہ لوگوں کی خدمت اور انکی تکالیف کے ازالہ سے دلی سکون اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے، ہماراہر لمحہ عوام کی خدمت کے لئے وقف ہے، نیک نیتی سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور خدمت خلق کا سفر اب رکے گا نہیں۔











