سکھر۔13اگست(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور نے کہا ہے کہ سکھر شہر کو مزید خوبصورت بنانے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے سلسلے میں حکومت سندھ کی جانب سے شہری جنگلات کے فروغ کیلئے سٹی پوائنٹ سے ایئرپورٹ روڈ تک کینالوں کے درمیان تجاوزات ہٹانے کے مقام پر 100ایکڑوں پر مشتمل شہری جنگلات(Urban Forestry)تیار کیا جارہا ہے۔ جس کے تحت کئی ایکڑوں پر پودے لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سکھر ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے “صاف اور سرسبز پاکستان ” (Clean & Green Pakistan)کے تحت شجرکاری مہم شروع کرنے کے سلسلے میں منعقدہ پروقار اور سادہ تقر یب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور، ایئرپورٹ مینیجر عبدالسعید عباسی اور دیگر مہمانوں اور افسران نے مختلف اجناس کے پودے لگاکر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور نے مزید کہا کہ درخت اور انسان کا رشتہ پرانا اور اٹوٹ ہے اور درخت انسانی صحت کیلئے تمام مفید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگانے سے ماحول سے آلودگی کا خاتمہ ہوتا ہے اور لوگوں کو سکون سے سانس لینے کا موقعہ ملتا ہے اسی طرح گرمی کی شدت میں بھی کمی آتی ہے۔ ڈی سی سکھر رانا عدیل تصور نے کہا کہ سٹی پوائنٹ سے ایئرپورٹ روڈ تک قائم ہونے والی اربن فاریسٹری شہر کی خوبصورتی کو مزید بہتر بنائے گا جس سے سکھر شہر اور آسپاس گرمی میں کمی آئیگی اور موسم بھی خوشگوار ہوگا اور شہریوں کو ان درختوں کی وجہ سے تازہ آکسیجن مل سکے گی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے کہا کہ سکھر شہر کے دیگر مقامات پر بھی گرین زون قائم کیے جارہے ہیں اور شجرکاری کا سلسلہ تیز کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایئرپورٹ مینیجر عبدالسعید عباسی نے کہا کہ شجرکاری مہم کے سلسلے میں سکھر ایئرپورٹ کے پارکس اور دیگر مقامات پر 600سے زائد درخت لگائے جائینگے جن میں مختلف اجناس کے پودے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بھی پاکستان میں جاری صاف اور سرسبز پاکستان شجرکاری مہم کی تعریف کی ہے، عوام کو انفرادی طور پربھی درخت لگاکر ان کی حفاظت کرنی چاہئے۔تقریب میں اے ایس ایف، سول ایوی ایشن اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔











