ملتان: آرٹس کونسل میں امن فیسٹیول کی تقریبات کے حوالے سے میوزیکل پروگرام کا اہتمام

112

 

ملتان، 19اگست(اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام آرٹس کونسل میں جشن آزادی امن فیسٹیول کی تقریبات کے حوالے سے میوزیکل پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔امن میوزیکل پروگرام میں جشن آزادی ملتان کی تقریبات کی فوکل پرسن اور ترجمان حکومت پنجاب سبین گل خان  اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر الزمان قیصرانی نے  شرکت کی ۔

امن میوزیکل پروگرام کا مقصد شہریوں کو  گھٹن زدہ حالات میں تفریح کے مواقع فراہم کرنا تھا۔ پروگرام میں گلوکاروں اور خصوصی بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین سے خوب داد وصول کی۔

امن میوزیکل پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان حکومت پنجاب سبین گل خان نے کہا کہ ہمارا وطن عزیز ہمیں بہت قربانیوں کے بعد ملا ہے، اس کی بنیادوں میں ہمارے آباؤ اجداد  کا خون شامل ہے،ہمیں اپنی آزادی کی قدر کرنا چاہیے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر الزمان قیصرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی کے اس پروگرام میں ایس او پیز کے تحت شہریوں کی شرکت ظاہر کرتی ہے کہ ملتان کے لوگ زندہ دل ہیں،ہم نے منظم قوم بن کر کورونا کو شکست دی ہے اور اب ہم جشن آزادی کے اس پروگرام میں شہریوں کو تفریح کے مواقع فراہم کر رہے ہیں،ہم ایسی منظم تفریح کے ذریعے دنیا بھر کو ملتان کا سافٹ امیج پہنچا رہے ہیں،ہم سب پاکستانی امن پسند لوگ ہیں۔

بعد ازاں شاندار پرفارمنس پر سپیشل بچوں کو کیش پرائز بھی دئیے گئے۔

امن میوزیکل پروگرام  میں  ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے آغامحمد علی عباس،ریذیڈنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل طاہر محمود چوہدری،ڈپٹی ڈائریکٹر سلیم قیصر،پی ٹی آئی کی رہنما قربان فاطمہ،سعدیہ کرمانی،غزل غازی،راشد منیر،محمد عبداللہ اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔