اسلام آباد ۔ 19 اگست (اے پی پی): وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے شیعہ علماءکے 8 رکنی وفد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے۔ ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق علماءوفد کی قیادت ڈاکٹر غضنفر مہدی کر رہے تھے۔ ملاقات میں محرم الحرام کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ محرم کے دوران نہ صرف سیکورٹی بلکہ صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے پر بھی خاص توجہ دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے دوران ایس او پیز پر جس حد تک ہو سکے عمل کریں، اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپیں اور کوشش کریں کہ مجالس میں ایک دوسرے سے فاصلے پر بیٹھیں۔ انہوں نے علماءسے گزارش کی کہ وہ آگہی پھیلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ علماءاکرام نے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پر امید ہیں کہ محرم الحرم کا مہینہ امن و امان سے گزرے اور وائرس کے پھیلاؤ پر بھی قابو پایا جا سکے۔











