کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کا جائزہ اجلاس

94

لاہور، اگست 20(اے پی پی): صوبائی وزیر قانون  راجہ بشارت کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کا نواں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ انتظامیہ نے اجلاس کو بہاولپور ڈویژن میں محرم الحرام کےلیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی اور علماء کرام اورضلعی امن کمٹیوں کے ارکان سے مشاورت بھی کی گئی۔

بہاولپور ڈویژن کے کمشنر،آر پی او، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اورعلماء کرام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

 صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ تمام مکاتب کے علماء کرام نے قیام امن میں ہمیشہ حکومت کے ساتھ مثالی تعاون کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات ہیں کہ ضلعی امن کمیٹیوں کو ازسرنو تشکیل دیکر مکمل فعال کیا جائے۔ ضلعی انتظامیہ اپنے علاقہ کے تمام عزاداروں اور لائسنسداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھے۔

راجہ بشارت نے کہا کہ علماء کرام سے اپیل ہے کہ جلوسوں اور مجالس میں کورونا ایس او پیز پرلازمی عمل کرائیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بہبود آ بادی کرنل ہاشم ڈوگر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کے حوالے سے ذمہ داروں کے خلاف فوری اقدامات کیے جائیں۔

  علماء کرام نے اجلاس کو بتایا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام متحد ہو کر حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

  شیعہ علماء کرام نے کہا کہ تمام عزادار جلوسوں اور مجالس میں ماسک،سماجی فاصلے اور سینی ٹائزر کی پابندی لازمی  کریں۔