لاہور،21 اگست (اے پی پی): ممبر صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل رانا کی زیر صدارت الحمرا میں آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آرٹسٹوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئےجبکہ آرٹسٹوں کی رجسٹریشن کے لئے موبائل ایپ کی بھی منظوری دی گئی جوکہ جلد متعارف کروا دی جائے گی۔
ممبر پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا کہ فن اور فنکار ہماری زرخیز دھرتی کی پہچان ہیں انکی خدمات کو سراہتے ہیں،انکی فلاح و بہبود ہماری ذمہ داری ہے۔آرٹسٹ سپورٹ فنڈ مستحق فنکاروں کی امانت ہے، امداد درست ہاتھوں پہنچ رہی ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا ثمن رائے نے کہا کہ آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کمیٹی اپنا فعال اور متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کمیٹی کے تمام ممبران نے ملک وقوم کا نام روشن کرنے والے آرٹسٹوں کی بھر پور مالی معاونت کے عزم کا اعادہ کیااجلاس میں شرکاء نے آرٹسٹوں کی فلاح و بہبود کے لئے قیمتی آراء دی۔
اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا ثمن رائے، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری نوید انجم، ایڈیشنل سیکرٹری کلچر فرحت جبیں، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پُکار رضوان شریف، ڈی جی پلاک ڈاکٹر صغری صدف و دیگر افسران نے شرکت کی۔











