پشاور، معاون خصوصی معدنیات عارف احمدزئی کا برن سنٹر حیات آباد کا دورہ

111

پشاور، 24اگست(اے پی پی): معاون خصوصی معدنیات عارف احمدزئی نے آج یہاں برن سنٹر حیات آباد کا دورہ کیا اور اورکزئی معدنی کان حادثہ میں زخمی کان کنوں کی عیادت کی جو گزشتہ روز ضلع اورکزئی ڈولہ میں لیز کان میں دھماکہ میں زخمی ہوئے تھے۔

عارف احمد زئی نے زخمی کان کنوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کی اور زخمیوں کے علاج معالجہ و دیگر دی جانے والی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔

معاون خصوصی عارف احمدزئی سے اس موقع پر پاکستان مائنز ورکر فیڈریشن کے وفد نے بھی ملاقات کی۔  عارف احمدزئی نے وفد کو بتایا کہ زخمی افراد کو تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں کیونکہ مائنز ورکرز کی سیفٹی ہماری اولین ترجیح ہے۔

عارف احمدزئی نے کہا کہ حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے واقعہ پیش آیا اسلئے متعلقہ مائنز لیز کے مالک کے خلاف قانونی کارروائی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد ہر قیمت پر یقینی بنا رہے ہیں جبکہ حفاظتی ایس او پیز نہ فالو کرنے والے کان بند کر دئیے جائیں گے۔ ہم نے حفاظتی ایس او پیز چیک کرنے کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے جو ایک مہینے کے اندر رپورٹ پیش کرے گی۔

چیف انسپکٹر آف مائنز خیبرپختونخوا فضل رازق بھی معاون خصوصی کے ہمراہ تھے۔