پشاور،27اگست(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی زیر صدارت خیبر پختونخوا ایپکس کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو یہاں گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا جس میں محرم الحرام بالخصوص عاشورہ کے پرامن جلوسوں، مجالس کے انعقاد سمیت مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ سمیت موجودہ صورتحال پر اظہار اطمینان کیا گیا۔
ایپکس اجلاس میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومتی طے شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور حساس علاقوں میں نویں اور دسویں محرم کو موبائل سروس کی بندش سے متعلق ضلعی حکومتوں کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ ضلعی انتظامیوں کو صوبہ میں بارشوں سے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے سے رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اسکے علاوہ ضم قبائلی اضلاع میں مقامی سطح پر تنازعات کے حل کیلئے ADR کے قیام کو قبائلی روایات اور کلچر کے مطابق ہونے اور کرنے کیلئے خاصہ داروں کو تربیت سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کے احکامات بھی جاری کئے گئے۔
ایپکس اجلاس میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان،کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود سمیت چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر خیبر پختونخوا نظام الدین، سیکرٹری محکمہ داخلہ، سیکرٹری محکمہ قانون اور دیگر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔











